16

گلشنِ حدید میں ماں اور بیٹے کے ہاتھوں والد کا قتل، دونوں ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشنِ حدید فیز 2 میں گھریلو جھگڑے کے دوران ماں اور بیٹے کے ہاتھوں والد کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر واقعے کا فوری نوٹس لیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی بیوی اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت صلاح الدین ولد انور خان اور کبریٰ زوجہ انور خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم صلاح الدین نے ہتھڑوں سے وار کرکے اپنے والد انور خان کو شدید زخمی کیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ماں اور بیٹے نے انکشاف کیا کہ یہ واقعہ گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ مقتول انور خان، گرفتار ملزمہ کبریٰ بی بی کا شوہر جبکہ صلاح الدین اس کا بیٹا ہے۔

دورانِ تفتیش ماں اور بیٹے نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں