8

پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان افتخار عالم کا حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر سخت ردِعمل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر افتخار عالم نے حافظ نعیم الرحمن کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات حقائق کے منافی اور کراچی کے عوام کے سیاسی شعور کی توہین ہیں۔

افتخار عالم نے کہا کہ اگر کراچی کے مسائل صرف نعروں، دھرنوں اور الزامات سے حل ہو سکتے تو آج شہر کے حالات یکسر مختلف ہوتے۔ کراچی کے عوام نے ہمیشہ ایسی جماعتوں کو مسترد کیا ہے جو محض تنقید کرتی ہیں مگر عملی اور قابلِ عمل حل پیش نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام ٹاؤنز میں صفائی، سیوریج، سڑکوں اور دیگر بلدیاتی مسائل حل کرنے میں ناکامی واضح ہے۔ عوام کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، محض دعوؤں اور بیانات کی بنیاد پر نہیں۔

پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پہلے اپنے زیرِ انتظام ٹاؤنز کی کارکردگی کا جواب دیا جائے، کیونکہ صرف بیانات اور الزام تراشی سے کراچی کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور ہر فورم پر شہر کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور دیگر متعلقہ فورمز پر کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم کی جدوجہد مسلسل جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کو عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے پانی، ٹرانسپورٹ، سیوریج، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

افتخار عالم کا کہنا تھا کہ کراچی کو ایم کیو ایم سے خالی کرنے کے دعوے دراصل لاکھوں شہریوں کے جمہوری فیصلے کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہیں۔ سیاسی جماعتوں کا فیصلہ عوام بیلٹ بکس میں کرتے ہیں، نہ کہ سیاسی خواہشات اور بیانات کے ذریعے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان خدمت، کارکردگی اور عوامی نمائندگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کو چاہیے کہ الزام تراشی کے بجائے کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے مثبت اور سنجیدہ کردار ادا کریں۔

آخر میں افتخار عالم نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے عوام کے دلوں میں موجود ہے اور اسے سیاسی بیانات یا خواہشات کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ کراچی کے حقوق، وسائل اور شہری مسائل کے حل کے لیے ہماری جدوجہد پہلے بھی جاری تھی اور آئندہ بھی پوری قوت سے جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں