10

آرام باغ پولیس کا اسٹریٹ کرائم گروہ سے مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے آرام باغ میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کے ساتھ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کی نیت سے علاقے میں موجود تھے کہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم نظر الدین ولد محمد دین زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ 3 زندہ راؤنڈز برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ایک ملزم صابر ولد نامعلوم نے فرار کے دوران ایک 30 بور پستول موقع پر پھینک دیا، جبکہ تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 9 چھینے ہوئے موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، جن میں آئی فون سمیت دیگر قیمتی موبائل فون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تھانہ ڈیفنس کی حدود سے چھینی گئی ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

ابتدائی ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم مختلف تھانوں میں درج سنگین مقدمات میں مفرور اور اشتہاری بھی تھا، جن میں اتحاد ٹاؤن، ڈاکس اور پریڈی تھانوں کے مقدمات شامل ہیں۔

پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ آرام باغ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں