9

شاہدرہ ناکے پر پولیس پر فائرنگ، راہگیر زخمی، ملزمان فرار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے شاہدرہ ناکے پر کار سوار ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ناکے پر مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

ترجمان کے مطابق پولیس کے تعاقب پر ملزمان مین روڈ سے گاڑی بھگا کر آبادی کی طرف فرار ہو گئے، تاہم دورانِ فرار گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر پیدل آبادی میں داخل ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزمان کی چھوڑی ہوئی گاڑی تحویل میں لے لی ہے جبکہ علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں