کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود اور دیرینہ مطالبات کی منظوری کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت اور منظوری کے بعد دی گئی، جس کے تحت کے ڈی اے میں ایک باقاعدہ دستخطی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی اور کے ڈی اے ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے نمائندگان نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر دستخط کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے کہا کہ ادارے کے ملازمین اس کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے دیرینہ مطالبات کی منظوری سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
یونین نمائندگان نے 29 سال بعد چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کو ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے حکومت سندھ اور کے ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ملازمین کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ مزید لگن سے شہری خدمات انجام دیں گے۔
تقریب میں افسران، ملازمین اور یونین عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس پیش رفت کو ادارے اور ملازمین کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔


