کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لفٹ دینے کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران وارداتوں میں ملوث دونوں ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس نے گاڑی نمبر CAS-695 کو ضابطے کے تحت اپنی تحویل میں لے لیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان راہ چلتے شہریوں کو لفٹ دینے کا جھانسہ دے کر گاڑی میں بٹھاتے اور بعد ازاں اسلحے کے زور پر لوٹ مار کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد کامران ولد محمد آصف اور محمد اسد ولد محمد انعام کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔


