جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)آئینی و قانونی درخواست کے باوجود شہری کو مطلوبہ معلومات اور ریکارڈ فراہم نہ کرنے کے معاملے پر سندھ انفارمیشن کمیشن (ایس آئی سی) نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کا دورہ کیا اور متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
کمیشن کے اراکین محمد سلیم خان اور نور محمد دایو نے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام اجن اور دیگر متعلقہ افسران کی موجودگی میں داخلہ ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شکایت کنندہ عبدالخالق بھی موجود تھے، جنہوں نے معلومات فراہم نہ کیے جانے پر سندھ انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
کمیشن نے معلومات کی فراہمی میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ درخواستوں کے بروقت ازالے کے لیے ایک مزید پبلک انفارمیشن آفیسر (PIO) مقرر کیا جائے۔ یونیورسٹی کے نامزد افسر نے تاخیر پر معذرت کی، جبکہ وائس چانسلر نے کمیشن کی تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
سندھ انفارمیشن کمیشن نے واضح کیا کہ شہریوں کو معلومات تک رسائی آئینی حق ہے اور اس میں بلاجواز تاخیر یا رکاوٹ قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ کمیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے ایسے معاملات میں سختی سے قانون پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔


