8

میرپور میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کارروائی، 4 مشتبہ افراد گرفتار

میرپور(ایچ آراین ڈبلیو)شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ انتشار کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پولیس نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق مبینہ طور پر ایک تنظیم سے بتایا جا رہا ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ احتجاجی سرگرمیوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں پتھر، ٹوٹی ہوئی شیشے کی بوتلیں اور لاٹھیاں برآمد ہوئی ہیں، جو مبینہ طور پر احتجاج کے دوران استعمال کی جا سکتی تھیں۔

پولیس کے مطابق ان اشیا کی برآمدگی کے بعد خدشہ تھا کہ احتجاج کے دوران امن عامہ کی صورتحال متاثر ہو سکتی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ خطرے کو روک دیا گیا ہے۔

گرفتار افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ادھر پولیس نے شہر میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں