7

رشوت نہ دینے پر کم عمر ذہنی معذور بچی کی ہڈی دوبارہ توڑنے کا مبینہ افسوسناک واقعہ

اترپردیش(ایچ آراین ڈبلیو)بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں ایک افسوسناک واقعے نے عوامی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر ایک ڈاکٹر کی جانب سے کم عمر ذہنی معذور بچی کی جوڑی گئی ہڈی دوبارہ توڑ دی گئی۔

ریشما نامی بیوہ خاتون کی 14 سالہ بیٹی کی ٹانگ ڈیڑھ ماہ قبل ٹوٹی تھی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اسپتال عملے کی جانب سے مبینہ طور پر سرجری کے لیے 25 ہزار روپے رشوت طلب کی گئی، حالانکہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق بچی کا علاج مفت ہونا چاہیے تھا۔

خاتون نے مشکل سے 8 ہزار روپے جمع کر کے اسپتال میں جمع کرائے، جس کے بعد ڈاکٹر ڈاکٹر پی کے چترویدی نے مبینہ طور پر بچی کا آپریشن کیا۔ بعد ازاں فالو اپ کے دوران جب متاثرہ خاتون باقی رقم ادا نہ کر سکی تو ڈاکٹر نے معائنے کے دوران مبینہ طور پر بچی کی ٹانگ کو زور سے مروڑ دیا، جس کے نتیجے میں پہلے سے جوڑی گئی ہڈی دوبارہ ٹوٹ گئی۔

بعد میں دوسرے اسپتال سے کروائے گئے ایکسرے میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ بچی کی ہڈی دوبارہ ٹوٹ چکی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں