کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرائی گئی ہے، جس میں کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ قرارداد معاذ محبوب کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کراچی میں ہیٹ ویو کے دوران لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے تاکہ شہریوں کو شدید مشکلات سے بچایا جا سکے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ کراچی، خصوصاً پی ایس 127 کے علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ ناقابلِ قبول ہے اور اس سے عوام کی زندگی اجیرن ہو رہی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شدید گرمی میں صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں، لہٰذا متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔


