اٹک(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ باہتر پولیس نے مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے اور دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مسماۃ نبیلہ اختر نے ریسکیو ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ چار افراد اسے نواب آباد واہ کینٹ سے نوکری کا جھانسہ دے کر گاڑی میں بٹھا کر کوٹ صلابت کے قریب ایک ویران مقام پر لے گئے، جہاں مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ایسے شواہد سامنے آئے جن کی بنیاد پر دعوے کی مزید جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات میں معلوم ہوا کہ خاتون ماضی میں بھی مختلف ناموں سے اسی نوعیت کی شکایات درج کرا چکی ہے۔
تھانہ باہتر پولیس کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں خاتون اور اس کی ایک ساتھی کے خلاف جھوٹی کال اور مبینہ ہنی ٹریپ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کا چالان مکمل شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ باہتر علی راشد اعوان نے کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جھوٹی شکایات یا شہریوں کو بلیک میل کرنے کے کسی بھی واقعے کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


