کیماڑی پولیس نے 70 سالہ شخص کے قتل کا معمہ حل کر کے بیٹے کو گرفتار کر لیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کیماڑی انویسٹیگیشن پولیس نے 21 جنوری کو اتحاد ٹاؤن میں پیش آنے والے 70 سالہ رازی مند خان کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے بیٹے امیر نواب کو گرفتار کر لیا۔

ابتدائی طور پر ورثاء نے دعویٰ کیا تھا کہ نامعلوم ملزمان رات گئے گھر میں گھس کر مقتول کو قتل کر گئے، جس کے بعد تھانہ اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن توحید رحمان میمن کے مطابق تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر قتل کی گتھی سلجھائی اور مقتول کے بیٹے کو قتل میں ملوث پایا۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ قتل کے پیچھے گھریلو جھگڑے کا تنازع تھا۔

ملزم نے اپنے باپ کا سر بھاری ہتھوڑے سے کچل کر قتل کیا، جو تعمیرات میں استعمال ہونے والا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھوڑے کو بھی برآمد کر لیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر کے اسے انویسٹیگیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں