ڈی آئی خان(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمران شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بنوں روڈ پر کرامت آباد کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد عمران، جو کوئٹہ میں تعینات تھے، چھٹیوں پر اپنے آبائی گھر آئے ہوئے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمران موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شہید کی میت اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم واقعے کی نوعیت اور ملزمان کے بارے میں تاحال مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد عمران کی شہادت پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ عوامی و عسکری حلقوں کی جانب سے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔


