کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سیوریج لائن پھٹنے کے باعث پانی فلیٹوں میں داخل ہوگیا، پروجیکٹ کے واٹرٹینکس میں بھی نالے کا گندہ پانی شامل ہوگیا۔
شہرقائد کے علاقے گلستان جوہر میں سیوریج لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے پانی وہاں موجود فلیٹوں میں داخل ہوگیا، لائن پھٹنے سے سیوریج کے پانی کی وجہ سے سڑک بھی بیٹھ گئی۔
24 گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظامیہ غائب ہے، کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے، پینے کے پانی کی لائن میں گٹر کا پانی بھی شامل ہوگیا ہے۔
علاقہ مکین نے بتایا کہ پروجیکٹ کے متعدد واٹر ٹینکس میں بھی سیوریج کا پانی شامل ہوگیا ہے، رہائشی پروجیکٹ میں 3 ہزار سے زائد فلیٹس موجود ہیں۔
واٹربورڈ حکام کا مؤقف ہے کہ علاقے میں سیوریج لائن متاثر ہوئی ہے، پائپ موجود ہیں کل سے کام شروع کردیا جائے گا۔


