کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے اجرا کے خلاف دائر مختلف درخواستوں پر عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے وکیل یار محمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس معاملے میں تحریری جواب داخل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ای چالان کا نظام عوامی تحفظ سے براہِ راست متعلق ہے اور یہ ایک پبلک سیفٹی کا اہم معاملہ ہے، اس لیے درخواستیں قابلِ سماعت نہیں ہیں۔
وکیل نے مزید بتایا کہ ای چالان کے نفاذ کے بعد ٹریفک حادثات میں چالیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو اس نظام کی افادیت کا واضح ثبوت ہے۔
عدالت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے جواب کی نقول درخواست گزاروں کے وکلا کو فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے دیگر فریقین سے 18 فروری تک تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ مزید سماعت مقررہ تاریخ کو ہوگی۔


