کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں اینٹی تھیفٹ سیل ختم، نیا ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل قائم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) میں پانی چوری کی روک تھام اور ریونیو ریکوری کو مؤثر بنانے کے لیے اینٹی تھیفٹ سیل ختم کرنے اور اس کی جگہ ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل (RPEC) قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نیا RPEC پانی چوری کے خلاف کارروائیوں، غیر قانونی کنکشنز کی منقطعگی اور ریونیو کے تحفظ و وصولی کی مرکزی سطح پر نگرانی کرے گا۔ اس سیل کی سربراہی چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کریں گے، جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر (COO)، چیف کمرشل آفیسر (CCO) اور چیف سیکیورٹی آفیسر (CSO) اس کے رکن ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیف کمرشل آفیسر کو RPEC کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سینئر ڈائریکٹر آر آر جی بھی سیل کا حصہ ہوں گے۔ اضلاع اور ٹاؤن کی سطح پر خصوصی انفورسمنٹ اسکواڈز تشکیل دینے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

فیلڈ سطح پر کارروائیوں کی نگرانی چیف انجینئرز آپریشنز اور سینئر ڈائریکٹر آر آر جی کریں گے، جبکہ عملی ذمہ داری ٹاؤن ایگزیکٹو انجینئرز (XENs) اور ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو پر عائد ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی، لیگل ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اینٹی تھیفٹ اور سب سوائل سے متعلق تمام امور اب ریونیو اینڈ ریسورس جنریشن ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت ہوں گے، جبکہ سینئر ڈائریکٹر آر آر جی کو اضافی آپریشنل چارج دے دیا گیا ہے۔

یہ دفتر حکم نامہ مجاز اتھارٹی کی منظوری سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے پانی چوری کے خلاف مؤثر کارروائی، شفافیت اور ریونیو میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں