سندھ سینٹر فار ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس منعقد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ سینٹر فار ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (CVE) کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور سندھ ضیاءالحسن لنجار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کے لیے حکمتِ عملی اور پالیسی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں انسدادِ انتہاپسندی کے لیے ایک نیا صوبائی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، جو قومی پالیسی برائے انسدادِ پرتشدد انتہاپسندی (NPVE-2024) اور نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کام کرے گا۔ اجلاس میں پالیسی سازی اور سندھ کے مخصوص سی وی ای اقدامات پر جامع بریفنگ بھی دی گئی۔

ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے محرکات پر تحقیق، شواہد پر مبنی تجزیے اور مؤثر ڈیٹا کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس، متعلقہ اداروں اور کمیونٹی اسٹیک ہولڈرز کی خصوصی تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں، خواتین، علما اور اقلیتوں کے لیے امن و مکالمہ پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ انتہاپسندی سے متاثرہ افراد کی بحالی اور سماجی ری انٹیگریشن بھی مرکز کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگی۔

اجلاس میں مانیٹرنگ سسٹم، ڈیش بورڈز اور باقاعدہ جائزہ کے نظام کی تیاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ مرکز دو ونگز پر مشتمل ہوگا، جن میں ریسرچ و کمیونٹی انگیجمنٹ ونگ اور فنانس و آئی ٹی ونگ شامل ہیں۔ مرکز کے پروگرامز کا آغاز پہلے مرحلے میں سندھ کے چھ سے آٹھ اضلاع سے کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کا دائرہ کار پورے سندھ تک بڑھایا جائے گا۔

اجلاس میں پانچ سالہ اسٹریٹیجک روڈ میپ کی منظوری دی گئی، جس کے تحت پہلے سال منصوبہ بندی، دوسرے اور تیسرے سال توسیع، جبکہ چوتھے اور پانچویں سال مکمل ادارہ جاتی انضمام کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ سندھ نے قومی ترجیحات کے مطابق مربوط اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری فنانس فیاض جتوئی، سیکریٹری لا، پراسیکیوٹر جنرل سندھ علی احمد بلوچ، منتظر مہدی، سلیمان ایس مہدی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں