کمشنر کراچی نے گل پلازہ آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کمشنر کراچی نے گل پلازہ میں پیش آنے والی ہولناک آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی ہے، جسے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کیا جائے گا۔ رپورٹ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیار کی۔

رپورٹ میں آگ لگنے کی وجوہات، آگ بجھانے کے اقدامات، ریسکیو کارروائیاں اور متاثرین سے حاصل شدہ معلومات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آگ رات 10 بج کر 15 منٹ پر گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر فلاور شاپ کے قریب لگی، جو تیزی سے پھیل گئی اور ائر کنڈیشن کے ڈکٹس کے ذریعے عمارت کے دیگر حصوں تک منتقل ہو گئی۔

رپورٹ میں درج ہے کہ فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع رات 10:26 پر موصول ہوئی، اور پہلا فائر ٹینڈر 11 منٹ کے اندر، 10:37 پر موقع پر پہنچا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی 10:30 پر پہنچ گئے جبکہ ریسکیو 1122 کا عملہ 10:53 پر موقع پر موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں 79 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں زیادہ تر اموات میزنائن فلور پر ہوئیں۔ رپورٹ میں متاثرین، عینی شاہدین اور ریسکیو اہلکاروں سے حاصل شدہ تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں