ریاض/تبوک(ایچ آراین ڈبلیو)وزارتِ داخلہ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ اتوار، 6 شعبان 1447ھ (25 جنوری 2026ء) کو علاقے تبوک میں منشیات کے ایک سنگین مقدمے میں مجرم کے خلاف قتلِ تعزیری کی سزا نافذ کر دی گئی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق سالم بن سلیم بن محمد الحویطی (سعودی شہری) پر منشیات، بالخصوص ایمفیٹامین کی گولیاں وصول کرنے اور ان کی فروخت میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہوا۔ سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ تفتیش کے دوران اس پر عائد الزامات کی تصدیق ہو گئی۔
مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف قتلِ تعزیری کی سزا سنائی گئی۔ عدالتی فیصلے کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی گئی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی فیصلے کی توثیق کر دی۔ بعد ازاں شاہی فرمان کے ذریعے شرعی حکم کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق عدالتی و شرعی تقاضے مکمل ہونے کے بعد اتوار کے روز تبوک میں مجرم کے خلاف سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔ وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت میں منشیات کے پھیلاؤ اور معاشرتی بگاڑ کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سزائیں دی جائیں گی۔


