کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سانحہ گل پلازہ میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا، جبکہ جھلس کر جاں بحق خاتون سمیت مزید چار افراد کی باقیات کی شناخت کر لی گئی ہے۔
لاپتا خواتین میں قیصر علی کی بیوی، سالی اور بہو شامل ہیں۔ قیصر علی نے اپنے ویڈیو بیان میں چیف آف آرمی اسٹاف، وزیر اعظم، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے اپیل کی کہ ان کے پیاروں کی باقیات تک رسائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام قانونی دستاویزات اور لاپتہ افراد کی رپورٹس ڈی سی ساؤتھ کے دفتر میں جمع کرا دی گئی ہیں، مگر اب تک ان کے پیاروں کی باقیات نہیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملبے سے نکالی گئی باقیات کی شناخت کوثر پروین، حسام محمد، محمد اشرف اور محمد عارف کے نام سے کی گئی ہے۔ اب تک پلازہ کے ملبے سے نکالی گئی 27 لاشوں اور باقیات میں سے 20 کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری، جامعہ کراچی نے کی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بتایا کہ سانحہ میں 65 لاپتا افراد کے لیے 56 فیملی ریفرنس کے نمونے جمع کرائے گئے ہیں، جن کے ذریعے شناخت کا عمل جاری ہے۔


