ایم کیو ایم نے سانحہ گل پلازہ پر سندھ حکومت کی رپورٹ یکسر مسترد کر دی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ گل پلازہ کے ہولناک سانحہ پر سندھ حکومت کی پیش کردہ رپورٹ ناقص اور ناقابل قبول ہے۔ ترجمان نے حکومت کے اس موقف کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کا ذمہ دار کسی معصوم بچے کو قرار دینا سراسر ظلم اور غیر منطقی ہے۔

ترجمان نے سوال اٹھایا کہ جس بچے کو سانحہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا، وہ زندہ ہے یا سندھ حکومت کی بھینٹ چڑ گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی بدترین نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے معصوم کے پیچھے چھپ رہی ہے۔

ایم کیو ایم کے مطابق، بچے کو آگ لگانے کا ذمہ دار قرار دینے والی سندھ حکومت یہ وضاحت کرے کہ تین دن تک آگ کیوں نہیں بجھائی گئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود کراچی کی بدقسمتی یہ ہے کہ سندھ حکومت کا کوئی ادارہ اس قابل نہیں تھا کہ سانحہ پر قابو پایا جا سکے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ سانحہ گل پلازہ میں بدترین پیشہ وارانہ اور مجرمانہ غفلت کے باعث اموات میں اضافے کی ذمہ دار صرف سندھ حکومت ہے، جو سانحہ کی ملزم، مدعی، محقق اور منصف سب کچھ ایک ساتھ ہے۔

ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے کلاز 3 کے تحت ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے تاکہ سانحہ کے تمام پہلوؤں کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں