اسٹیج ایکٹراقرا خان پرقاتلانہ حملہ، بااثر شوٹر محسن تاحال گرفتار نہ ہو سکا

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے ایک نجی تھیٹر کی پارکنگ میں معروف اسٹیج ایکٹر اقرا خان پر بااثر شوٹر محسن نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔ حملہ 29 اگست کی شب اس وقت ہوا جب اقرا خان تھیٹر سے اپنی گاڑی کی جانب جا رہی تھیں۔ مسلح ملزم محسن نے پہلے اداکارہ پر تشدد کیا اور بعد ازاں فائرنگ کر دی، خوش قسمتی سے گولی زمین پر لگی اور اقرا خان محفوظ رہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق فائر کی آواز سنتے ہی پارکنگ میں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ متاثرہ اداکارہ کے مطابق ملزم محسن عرصۂ دراز سے انہیں ذہنی و جسمانی طور پر ہراساں کر رہا ہے۔ چھ ماہ کے دوران وہ کئی بار اسٹیج پر اسلحہ لے کر دھاوا بول چکا ہے، تاہم انتظامیہ نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

اقرا خان نے الزام عائد کیا کہ محسن بااثر شخصیات کا شوٹر ہے جس کے باعث پولیس بھی کارروائی کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی کفالت کے لیے اسٹیج پر کام کر رہی ہیں مگر جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اداکارہ نے سی سی پی او لاہور، آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور جان کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اسٹیج فنکاروں اور اداکاراؤں کو ایسے جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت احکامات جاری کرے۔

ذرائع کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اسٹیج فنکاروں کو تحفظ کی یقین دہانی تو کرائی ہے، لیکن محسن نامی ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں