ملتان(ایچ آراین ڈبلیو) رجسٹری برانچ میں کرپشن، ٹیکسوں میں ہیر پھیر اور غبن بارے روزنامہ قوم کی خبروں پر اینٹی کرپشن سمیت دیگر ادارے حرکت میں آگئے، ملک واجد رضا گروپ کے خلاف بھی شکنجہ تیار ، گلگشت میں چھاپہ مار کر ایک پرائیویٹ شخص کو گرفتار کرلیا گیا، 16 عدد رجسٹریاں اور لیپ ٹاپ برآمد ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے سرکل آفسیر علی حسن گیلانی کی قیادت میں گذشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر ناکہ چوک گلگشت میں ایک گھر میں چھاپہ مارا جہاں سے سمیجہ آباد کا رہائشی علی احسن قریشی ولد عتیق احمد قریشی تحصیلدار سٹی ملک جاوید آرائیں کا سرکاری لاگ ان پرائیویٹ جگہ پر آپریٹ کرتے ہوئے پکڑا گیا ۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزم کو حراست میں لیکر موقع سے 16 عدد رجسٹریاں اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا ہے اور ملزم کو سرکل آفس منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق ملزم کو علی حسین کو مقدمہ 1917/25 میں جرم ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا اور ملزم سے رجسٹریاں و لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا ہے،ملزم سے مذید انکشافات کی توقع ہے۔


