بورے والا(ایچ آراین ڈبلیو) فتح شاہ فیڈر اور شبیر شاہ فیڈر کے علاقوں میں گزشتہ چار سے پانچ دنوں سے غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بجلی محض ایک گھنٹے کے لیے آتی ہے اور دو سے تین گھنٹے کے لیے غائب ہو جاتی ہے، جس سے گھریلو صارفین، دکاندار، مزدور اور طلبہ سب شدید پریشان ہیں۔
شدید سردی کے موسم میں بجلی کی غیر متوقع بندش نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ موبائل فون چارجنگ، پانی کی موٹریں، ہیٹرز اور دیگر گھریلو ضروریات متاثر ہوئی ہیں، جبکہ دکانداروں اور کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر دستیابی کے باعث ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ نہ لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام کوئی وضاحت دینے کو تیار ہیں۔ شہریوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے یا غیر علانیہ بجلی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو انتظامیہ اور بجلی کے ذمہ داران کے خلاف سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔


