ملتان(ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر عامر کریم خاں کے چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود رجسٹری برانچ میں پرائیویٹ مافیا کا دھندہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک واجد رضا، ان کے بھائی اور کارندے سرکاری لاگ ان سسٹم کو پرائیویٹ مفادات کے لیے غلط استعمال کر کے کم مالیت والی رجسٹریاں پاس کروا رہے ہیں اور ٹیکسوں میں ہیر پھیر کر رہے ہیں۔
روزنامہ قوم کو موصولہ شواہد کے مطابق رجسٹری نمبر 112/2026/0000373 موضع درانہ لنگانہ ملتان سٹی میں 40 کنال اراضی کو زرعی زمین ظاہر کیا گیا اور مالیت صرف ایک کروڑ روپے درج کی گئی، حالانکہ اس کی مارکیٹ ویلیو اور ڈی سی ریٹ تقریباً 8 کروڑ روپے ہے۔ تحصیلدار سٹی / سب رجسٹرار ملک جاوید نے اس رجسٹری کو کم مالیت ظاہر کر کے سرکار کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
مزید برآں، سٹامپ ڈیوٹی، ایف بی آر اور ٹاؤن ٹیکس کی مد میں تقریباً 40 لاکھ روپے کا غبن بھی کیا گیا۔ زرعی زمین ظاہر کرنے کی وجہ سے سٹامپ ڈیوٹی محض ایک فیصد ادا کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹری برانچ میں ہیر پھیر اور ٹیکسوں کی لوٹ مار کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس پر فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔


