پی آئی اے کا تاریخی اشتراک: کینیڈا اور برطانیہ میں ہوائی اور ریل کے سفر کی سہولت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کے ساتھ تاریخی اشتراک قائم کیا ہے، جس کے تحت مسافروں کو ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ریل سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پی آئی اے کی پروازوں سے ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر اب وہاں کی پارٹنر ریل سروس کے ذریعے کینیڈا کے 8 اہم شہروں تک اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے۔ اسی طرح، پی آئی اے کی پروازوں سے برطانیہ کے مانچسٹر اور لندن کے لیے سفر کرنے والے مسافر 50 سے زائد شہروں تک ریل کے ذریعے رسائی حاصل کر سکیں گے۔

پی آئی اے کے مسافر اپنی منزل تک کا ٹکٹ پی آئی اے کے تمام بکنگ دفاتر، رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس، باضابطہ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

معاہدے کا بنیادی مقصد مسافروں کو گھر کی دہلیز تک بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جس سے ان کا وقت بھی بچ سکے گا۔

پی آئی اے کے مطابق یہ ایئر ٹو ریل اشتراک کمپنی کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں