امریکہ کی جارحانہ پالیسیاں مشرقِ وسطیٰ کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہیں

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مجلس وحدت مسلمین کےصوبائی رہنماعلامہ حیات عباس نجفی کاکہنا تھا کہ امریکہ کی جارحانہ پالیسیاں مشرقِ وسطیٰ کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہیں،ایران ایک آزاد اور خودمختار ریاست ہے، جس کے داخلی معاملات میں مداخلت کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔یہ اقدام بین الاقوامی قوانین،اقوامِ متحدہ کےچارٹراور ریاستوں کی خودمختاری کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی امن واستحکام کےلیےسنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ ایران کے ساتھ کھڑا ہونا دراصل حق، خودمختاری اور مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ایران میں عوام کی منتخب حکومت کےحق میں اورامریکہ و اسرائیل کی مسلسل مداخلت، جارحانہ پالیسیوں اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے خلاف ہونے والا احتجاج قابلِ تحسین اور قابلِ حمایت ہے۔ ایرانی عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری، قومی وقار اور آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف سیاسی دباؤ، معاشی پابندیاں اور عسکری دھمکیاں دراصل عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ طاقتیں مشرقِ وسطیٰ کو مسلسل عدم استحکام سے دوچار کر کے اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں، مگر اب خطے کے عوام اس سامراجی ایجنڈے کو مسترد کر چکے ہیں۔ہم ایران کی حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو تمام تر دباؤ کے باوجود اپنے عوام کے حقوق، قومی خودمختاری اور اسلامی تشخص کے دفاع میں ڈٹی ہوئی ہے۔ ایرانی عوام کا حکومتی حمایت میں پُرامن احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ قومیں جب بیدار ہو جائیں تو کوئی طاقت انہیں غلام نہیں بنا سکتی۔ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی سازشوں، دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے منصفانہ کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں