سر سید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ہیک-ای-ہیلتھ کا کامیاب انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام ہیک-ای-ہیلتھ 2026 کا انعقاد ہوا۔ یہ فلیگ شپ ہیلتھ کیئر ہیکاتھون ایراسمس+ گرانٹ کے تحت بائیومیڈ 5.0 پروجیکٹ سے فنڈشدہ تھا جس کا مقصد طلبہ کے تخلیقی خیالات کو عملی اور مؤثر ہیلتھ کیئر حل میں تبدیل کرنا تھا۔ہیک-ای – ٹیک 2026 نے علمی قیادت، صنعتی مہارت اور طلبہ کی جدت کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر کے جامعات کی سطح پر ہیلتھ ٹیک شمولیت کا نیا معیار قائم کیا۔ یہ ایونٹ شعبہ بائیو میڈیکل کی چیئر پرسن، پروفیسر ڈاکٹر سدرہ عابد سید ی قیادت میں منعقد ہوا، جبکہ ڈاکٹر مریم رازق، انجینئر ثانیہ تنویر اور انجینئر جواد شفیق نے اس ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

ایئر یونیورسٹی کے شعبہ بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر انجینئر ضیا محی الدین نے اگلی نسل کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بائیومیڈیکل انجینئرز کے بدلتے ہوئے کردار پر بصیرت انگیز خیالات پیش کیے۔ علمی نقطہ نظر کو مزید تقویت دیتے ہوئے نور انٹرنیشنل ہیلتھ کیئر کے جنرل منیجر سیلز و مارکیٹنگ، انجینئر شجاع الرحمٰن نے صنعت کے حقیقی تجربات، مارکیٹ کے رجحانات اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کے عملی نفاذ پر روشنی ڈالی، جس سے طلبہ کو صنعت کے تقاضوں اور تجارتی امکانات کو سمجھنے کا موقع ملا۔

رجسٹرار سرسید یونیورسٹی، کموڈور (ر) انجینئر سرفراز علی نے اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہیک-ای-ہیلتھ نے طلبہ کو نہ صرف مقابلے کا موقع دیا بلکہ انہیں تعاون، جدت اور عملی دنیا کے تقاضوں سے روشناس کرایا۔ یہ ایونٹ سرسید یونیورسٹی کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ نوجوانوں کو انڈسٹری 5.0 کے دور میں صحت کے شعبے کے لیے تیار کرے گا۔انہوں نے ایونٹ کی اہمیت، یونیورسٹی کے تحقیقی کلچر، جدت اور طلبہ کی قیادت میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے عزم کو اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں