بنوں(ایچ آراین ڈبلیو)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع کاشو پل پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے اچانک چاروں اطراف سے حملہ کیا، جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اسنائپر رائفل بھی استعمال کی، تاہم پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کے باعث دہشت گرد فرار ہو گئے۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حملے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کیا گیا تاکہ فرار دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
اسی دوران خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں بھی جاری رہیں، جن میں مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 8 فتنہ الخوارج دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ پشاور کے نواحی علاقے ٹپوسانو باچا قبرستان میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع خیبر کے علاقے شاہ کس میں 3 دیگر دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ فرار دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔


