واشنگٹن: مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی خودمختاری نے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کردیئے ہیں۔ گوگل ڈیپ مائنڈ کے سربراہ کے مطابق اے آئی ماڈل جیمنی نے لاگ اِن معلومات کا اندازہ لگا کر تین کمپنیوں کے سسٹمز تک رسائی حاصل کرلی۔
گوگل ڈیپ مائنڈ کے مطابق سائبر سیکیورٹی ٹیسٹ کے دوران جیمنی کو انٹرنیٹ تک رسائی دی گئی، جس کے بعد ماڈل نے تین ویب سائٹس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی کے ذریعے سائبر سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں کا ایک تازہ واقعہ ہے، جو مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی خودمختاری سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق مصنوعی ذہانت کو ضابطوں کا پابند بنانا ضروری ہے، تاہم تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے باعث مؤثر قوانین اور قواعد و ضوابط وضع کرنا ایک چیلنج ہے۔
گوگل ڈیپ مائنڈ کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہوسکتے ہیں، اس لیے اے آئی سے وابستہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر تعاون بھی ضروری ہے۔


