سرگودھا: موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 رکنی گینگ کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر ایس ایچ او سٹی صفدر اقبال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت رمضان اور حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 63 ہزار روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ سرگودھا پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


