کراچی: سندباد روڈ پر اے وی ایل سی پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق اے وی ایل سی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ڈاکوؤں سے مقابلہ کیا، جس کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت مظفر چانڈیو جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت اطہر چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور 30 بور پستول برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل پیرآباد تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی۔
اے وی ایل سی کے مطابق مظفر اور اطہر چانڈیو کا تعلق مبینہ چانڈیو گینگ سے ہے، جو کراچی کے مختلف علاقوں میں اسنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم مظفر چانڈیو کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور اس کے خلاف ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور غیر قانونی اسلحے سمیت 8 مقدمات درج رہے ہیں۔


