راولپنڈی ( ایچ آراین ڈبلیو) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا شہداء، غازیوں اور محکمہ پولیس میں حاضرسروس و ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں کے لیے فلاحی و انقلابی اقدامات کا سلسلہ جاری۔ اس سلسلہ میں راولپنڈی ریجن پولیس، میگا فارمیسی، اور شاہین لیب کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے جسکے تحت ادویات اور لیبارٹری ٹیسٹ پر خاطر خواہ رعایت دی گئی ہے۔ معاہدہ پولیس اہلکاروں اور انکے خاندانوں کی طبی سہولیات میں بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہم اپنے شہداء کے خاندانوں اور حاضر سروس اہلکاروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،یہ مفاہمتی یادداشتیں ان کے لیے سہولت، عزت اور فلاح کا ایک اور ذریعہ ہیں، آر پی او بابر سرفرا ز الپا
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے پولیس شہداء، غازیوں اور حاضر سروس وریٹائرڈپولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے میگا فارمیسی اور شاہین لیب اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں میگا فارمیسی اور شاہین لیب کے چیف ایگزیکٹو رانا حبیب اللہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ معاہدے کا مقصد پولیس فورس کے شہداء کے ورثاء،اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو معیاری طبی سہولیات میں خصوصی رعایت فراہم کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق میگا فارمیسی میں پولیس شہداء اور حاضر سروس ملازمین کے لیے تمام ادویات پر 10 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ شاہین لیب میں پولیس شہداء کے لیے تمام لیبارٹری ٹیسٹوں پر 100 فیصد رعایت اور حاضر سروس ملازمین کے لیے 40 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی طبی سہولیات میں بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کے خاندانوں اور حاضر سروس وریٹائرڈ اہلکاروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،یہ مفاہمتی یادداشتیں ان کے لیے سہولت، عزت اور فلاح کا ایک اور ذریعہ ہیں۔میگا فارمیسی اور شاہین لیب کے چیف ایگزیکٹو رانا حبیب اللہ نے پولیس فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس شراکت داری کو اپنے ادارے کی سماجی ذمہ داری کا حصہ قرار دیا اور یقین دلایا کہ وہ پولیس اہلکاروں کو معیاری اور قابل اعتماد طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔یہ معاہدہ نہ صرف پولیس اہلکاروں کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک انقلابی قدم ہے بلکہ عوامی و نجی اداروں کے مابین باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔


