اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)معروف ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر حسنات خان کو جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ برطانیہ سے پاکستان منتقل ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر حسنات خان ادارے میں سی ای او اور ڈین کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ ان کی تعیناتی کو طبی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر حسنات خان 1958 میں جہلم میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ خدمات کے لیے برطانیہ منتقل ہو گئے۔ وہاں انہوں نے معروف رائل برومپٹن اسپتال میں بطور کارڈیالوجسٹ خدمات انجام دیں۔
ان کی عالمی شہرت کا سبب 1995 میں برطانیہ کی سابق شہزادی لیڈی ڈیانا سے ملاقات بنی، جو اپنے ایک دوست کی عیادت کے لیے اسپتال آئی تھیں۔ اسی دوران ان کی ملاقات ڈاکٹر حسنات خان سے ہوئی۔ لیڈی ڈیانا نے مبینہ طور پر ان کے پیشہ ورانہ انداز اور شخصیت کو سراہتے ہوئے انہیں “مسٹر ونڈرفل” کا لقب دیا تھا۔
کئی برس برطانیہ میں طبی خدمات انجام دینے کے بعد ڈاکٹر حسنات خان نے اب پاکستان واپس آ کر اپنی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے صحت کے شعبے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


