دبئی پلٹ محنت کش سے پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں کی لوٹ مار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں ایک افسوسناک واقعے میں دبئی سے واپس آنے والا محنت کش ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گیا، جنہوں نے مبینہ طور پر پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔متاثرہ شہری زاہد کے مطابق وہ صبح ساڑھے چار بجے اپنی فیملی کے ساتھ ہائی روف گاڑی میں گھر جا رہے تھے کہ عیسیٰ نگری کے قریب ان کی گاڑی کو روک لیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ چار ملزمان پولیس کی وردی میں ملبوس تھے اور ایک وائٹ سوک کار میں سوار تھے۔

زاہد نے بتایا کہ ملزمان نے ان سے 800 درہم اور 15 ہزار روپے نقدی چھین لی، جبکہ دوران واردات ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان نے ان کا پاسپورٹ اور دیگر اہم سفری دستاویزات بھی چھین لیں۔
متاثرہ شہری نے واقعے کی رپورٹ عزیز بھٹی تھانے میں جمع کرا دی ہے، تاہم ان کے مطابق پولیس کی جانب سے فوری طور پر باقاعدہ ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور انہیں صرف کچی پرچی دی گئی۔

زاہد نے کہا کہ وہ دبئی میں بطور سیلز مین کام کرتے ہیں اور حال ہی میں وطن واپس آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فیملی کے ساتھ گھر جا رہے تھے جب یہ واردات پیش آئی۔دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور قانونی کارروائی مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں