اسلام آباد معاہدہ نہ ہوا تو لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ، وزارتِ توانائی کا انتباہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزارتِ توانائی کے ترجمان پاور ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ اگر متعلقہ معاہدہ طے نہ پایا تو ملک میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ رات صوبوں کی جانب سے کم طلب کے باعث پن بجلی کی پیداوار صرف 4,950 میگاواٹ رہی، جبکہ اس کی مجموعی استعداد 11,500 میگاواٹ ہے۔ اس طرح تقریباً 6,000 میگاواٹ بجلی کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے جنوبی علاقوں سے مرکزی گرڈ تک 400 میگاواٹ بجلی کی ترسیل جاری رہی، تاہم رات کے پیک اوقات میں طلب بڑھنے پر تقسیم کار کمپنیوں نے 2 سے 2.5 گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی۔ترجمان کے مطابق زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اقتصادی بنیادوں پر لوڈ مینجمنٹ جاری رہے گی، جس کا پیک ٹائم لوڈشیڈنگ سے براہِ راست تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث 5,500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں، جس سے بجلی کی صورتحال مزید دباؤ کا شکار ہے۔ اگر اسلام آباد معاہدہ نہ ہوا تو لوڈشیڈنگ میں اضافہ ناگزیر ہوگا۔وزارتِ توانائی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رات کے اوقات میں بجلی کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ نظام پر دباؤ کم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں