معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، ’ہم ہیں بنیان المرصوص‘ کا ولولہ انگیز ٹیزر جاری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)دفاعِ وطن کے درخشاں باب معرکۂ حق کی شاندار کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ’ہم ہیں بنیان المرصوص‘ کے عنوان سے ایک ولولہ انگیز ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں قوم اور افواجِ پاکستان کے مثالی اتحاد کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

معرکۂ حق ملکی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوا، جب پاکستان کے غیور عوام اپنی افواج کے ساتھ بنیان المرصوص کی طرح شانہ بشانہ کھڑے رہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ٹیزر میں اس حقیقت کو اجاگر کیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم نے دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے اور جھوٹی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے صرف مستند قومی بیانیے پر اعتماد کیا۔

کامیابی کے پہلے سال کے موقع پر جاری کیے گئے ٹیزر میں واضح پیغام دیا گیا ہے کہ جب قوم اور فوج متحد ہوں تو کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ ایک سال قبل افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بے مثال جرات، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا اور تاریخ رقم کی۔

ٹیزر میں یہ بھی یاد دلایا گیا ہے کہ معرکۂ حق کی کامیابی اور دشمن کی شکست آج بھی قومی یادداشت کا حصہ ہے۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہنے کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔واضح رہے کہ 22 اپریل سے 10 مئی 2025 کے دوران لڑی گئی اس جنگ میں پاکستانی افواج نے بھارت کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیتے ہوئے ایک تاریخی فتح حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں