گورنر کیلیفورنیا کا ایران جنگ کو بے مقصد قرار دے کر فوری خاتمے کا مطالبہ

سیکرامنٹو(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ایران کے خلاف جاری جنگ کو بے مقصد قرار دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فوری طور پر اسے ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ایک بیان میں گورنر گیون نیوسم نے کہا کہ امریکا میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور گیس کی بڑھتی قیمتیں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور جنگی فیصلوں کا براہِ راست نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ نے امریکی عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

گیون نیوسم نے واضح طور پر کہا کہ ایران کے خلاف یہ جنگ نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ امریکی معیشت اور عوام کے مفادات کے بھی خلاف ہے، اس لیے اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب امریکی صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد پیش کرنے والی سینیٹر ٹیمی بالڈون نے بھی جنگ پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے نتیجے میں مہنگائی بڑھی ہے اور امریکی خاندانوں کو اپنے پیاروں سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ عملی طور پر کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا میں ایران جنگ کے خلاف آوازیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں اس معاملے پر امریکی سیاست میں مزید شدت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں