کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حساس ادارے اور گارڈن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں خصوصاً نوجوان طلبہ میں ویڈ (منشیات) سپلائی کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار افراد بین الصوبائی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں منشیات کا نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا، جس کے ذریعے نوجوانوں کو نشے کی لت میں مبتلا کیا جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مہزور، عامر اور حماس کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مہزور گوادر سے منشیات لا کر اپنے ساتھیوں میں تقسیم کرتا تھا، جو بعد ازاں مختلف تعلیمی اداروں میں فروخت کرتے تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم حماس اور عامر نجیب یونیورسٹی کے طالبعلم بھی ہیں، جو مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی بھی جانچ جاری ہے۔


