پہلگام واقعہ، بھارتی الزامات بے بنیاد اور پروپیگنڈا ہیں، پاکستان

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ بھارت خطے میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ گھڑ رہا ہے اور اندرونی سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان پر بے جا الزامات عائد کر رہا ہے۔

ترجمان کےمطابق بھارت دہشت گردی کے الزامات کی آڑ میں اپنی ناکامیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نےکہا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کےبعد بھارت کی جانب سےسامنےآنےوالےالزامات ایک نئی سازش کا حصہ ہیں۔دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ عالمی برادری بھارت کے جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے سے گمراہ نہیں ہو سکتی، جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔دفتر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کو اشتعال انگیزی اور منفی پروپیگنڈے سے باز رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں