کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لیاری ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات کا بے قابو پھیلاؤ سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں تنگ گلیوں میں بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر تعمیراتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پلاٹ نمبر 24/4، مرزا آدم خان روڈ لیاری ٹاؤن پر جاری تعمیراتی کام اس خطرناک رجحان کی ایک واضح مثال قرار دیا جا رہا ہے، جہاں مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے تعمیرات جاری ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان تعمیرات میں ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث نہ صرف عمارتوں کے معیار پر سوالات اٹھ رہے ہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔بلڈر شاہجہان سمیت بعض عناصر پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے تعمیراتی اصولوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے دعوے کرتی ہے، جبکہ دوسری جانب ایسے تعمیراتی منصوبے بلا رکاوٹ جاری ہیں، جو انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری نوٹس لیں، غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔عوامی حلقوں کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے۔


