پی سی بی کا بڑے تعمیراتی منصوبوں کا اعلان، اسٹیڈیمز اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور اہم اسٹیڈیمز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ان منصوبوں کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید طرز پر مزید وسیع اور سہولتوں سے مزین بنایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹریننگ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اسی طرح لاہور کے تاریخی ایل سی سی اے گراؤنڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا اور وہاں جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن بھی اس منصوبے کا حصہ ہے، جہاں دوسرے مرحلے میں مزید ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔

پی سی بی حکام کے مطابق ان تمام اپ گریڈیشن اور بحالی منصوبوں کے لیے مختلف تعمیراتی کمپنیوں سے پیشکشیں طلب کر لی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں 4 مئی تک اپنے پروپوزلز جمع کرا سکتی ہیں۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں