کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عدالت نے 17 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران تفتیشی افسران پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس کا بنیادی کام شہریوں کی شکایات پر موثر کارروائی کرنا ہے۔
عدالت نے کہا کہ پولیس کے پاس آنے والی شکایات کو باریک بینی سے دیکھنا چاہیے اور گمشدہ افراد کے معاملے پر تحقیقات کو زیادہ مؤثر بنایا جائے۔
عدالت نے آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں سے لاپتا افراد کی تلاش پر پیش رفت رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق، لاپتا افراد میں عبدالواحید، یوسف، صبغت اللہ، امجد جمشید کوارٹر اور دیگر شامل ہیں، جبکہ شمس اور سلمان جعفری شادمان ٹاؤن اور صدر کے علاقوں سے لاپتا ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، تھانہ درخشاں کے علاقے سے لاپتا جہانزیب گھر واپس آچکا ہے، اور نوید انور، شاہ ولی اللہ عبد اللہ سمیت دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مختلف اداروں کو خطوط بھی لکھ کر تفصیلی جواب جمع کروانے کی مہلت طلب کی ہے۔


