ایف آئی اے کا بڑا آپریشن، ہنڈی/حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، ایک ملزم گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے منظم ہنڈی/حوالہ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو ڈیجیٹل شواہد سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی زیر نگرانی کی گئی، جو منظم مالی جرائم کے خلاف ایک مؤثر اور کامیاب آپریشن قرار دی جا رہی ہے۔
مقدمہ نمبر 34/2026 کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم محمد اشرف ایک منظم ہنڈی/حوالہ نیٹ ورک کا اہم کردار تھا۔
تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ نیٹ ورک غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث تھا اور اس کا دائرہ کار متحدہ عرب امارات، چین، کینیڈا، ملائیشیا اور افریقہ تک پھیلا ہوا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق کراچی کے علاقے پورٹ وے ٹریڈ سینٹر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے موبائل فون سے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں جن سے غیر قانونی حوالہ ٹرانزیکشنز کے واضح ثبوت ملے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی منظم مالی جرائم کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں جبکہ کرپشن اور غیر قانونی مالی نظام کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں