کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں پولیس افسر پر مبینہ چڑھائی اور وردی پر ہاتھ ڈالنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ ڈیفنس کراچی کے مطابق واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف سرکاری کام میں مداخلت اور پولیس پر حملے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم حبیب کے خلاف ایف آئی آر نمبر 341/2026 درج کر لی گئی ہے۔ مقدمے میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم جعلی رجسٹریشن نمبر والی گاڑی میں سوار تھا۔
حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی (SIO کلفٹن) کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں یہ بھی درج ہے کہ ملزم نے فرار ہونے کی کوشش میں پولیس اہلکاروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


