لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)عدالت نے گرفتار ملزم ڈی ایس پی اظہر نوید خان کو تین کروڑ روپے سے زائد کے مبینہ فراڈ کیس سے ڈسچارج کر دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نوید بخش نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق مدعی نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے کاروباری لین دین کی وجہ سے ملزم پر غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج ہوا تھا۔
تحقیقات کے دوران ملزم سے کوئی ثبوت برآمد نہیں ہوا، جبکہ عدالت نے ملزم کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔ ملزم اظہر نوید نے بیان میں کہا کہ جو معاہدہ ہوا ہے، وہ اس کا پابند رہے گا۔
عدالت نے فیصلہ دیا کہ ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے اور اگر وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کیا جائے۔
ملزم کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی پولیس میں درج کیا گیا تھا۔


