اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) شہباز شریف کے خلاف بانی پی ٹی آئی کے ہتک عزت کیس میں بانی پی ٹی آئی کی حق دفاع سے متعلق نظرثانی اپیل سننے والا بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کیس کی سماعت کے لیے نیا تین رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے، جس کی سربراہی جسٹس ہاشم خان کاکڑ کریں گے۔ بنچ میں جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہوں گے۔ سماعت 31 مارچ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا تھا، تاہم اب بنچ میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ میں حق دفاع ختم کرنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر سابق جج منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست مسترد کر دی تھی۔ اب بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کر رکھی ہے۔


