8

امریکا کی سعودی عرب کو 48 ایف-35 طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے سعودی عرب کو 48 ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیاروں اور متعلقہ سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مجوزہ فروخت کی مجموعی تخمینہ لاگت 24.3 ارب امریکی ڈالر ہے۔

بیان کے مطابق سعودی عرب نے 48 ایف-35 لائٹننگ ٹو جوائنٹ اسٹرائیک فائٹر طیارے خریدنے کی درخواست کی ہے، جو روایتی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مجوزہ پیکیج میں 49 پراٹ اینڈ وٹنی ایف 135-پی ڈبلیو-100 انجن بھی شامل ہیں، جن میں سے 48 طیاروں میں نصب کیے جائیں گے جبکہ ایک اضافی انجن ہوگا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ فروخت سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے، موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی استعداد بہتر کرنے اور امریکی، علاقائی اور نیٹو افواج کے ساتھ باہمی تعاون کی صلاحیت میں اضافے میں مدد دے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ممکنہ فروخت سے خطے میں موجود فوجی توازن تبدیل نہیں ہوگا۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق اسرائیل اس وقت مشرق وسطیٰ کا واحد ملک ہے جو ایف-35 جنگی طیارے استعمال کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں