عید الفطر خوشی، شکر اور اعتدال کا پیغام دیتی ہے، ڈاکٹر عزیر محمود الازہری

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) پرنسپل رکن الاسلام جامعہ مجددیہ اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں کھانے پینے سے رک جانا بھی اللہ کے لیے ہے اور عید کے دن اچھے کھانے اور اچھے کپڑے پہننا بھی اللہ ہی کے لیے ہونا چاہیے۔

وہ جامع مسجد بلال، متصل مزارِ انوار خواجہ خواجگاں حضرت شاہ مفتی محمد محمود الوری رحمۃ اللہ علیہ میں عید الفطر کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے احادیثِ مبارکہ سے استدلال کرتے ہوئے کہا کہ عید کا دن خوشی اور شکر ادا کرنے کا دن ہے، اس لیے اس روز کھانا کھانا ضروری ہے۔ اگر کوئی شخص عید کے دن بھی کھانے سے رکا رہے تو وہ گناہگار ہوگا کیونکہ یہ سنت کے خلاف عمل ہے۔

ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک دراصل ایک تربیتی دور ہے، جس میں مسلمان اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے حلال چیزوں سے بھی اجتناب کرتے ہیں۔ اس عملی تربیت کا تقاضا یہ ہے کہ رمضان کے بعد بھی انسان حرام اور ناجائز کاموں سے مکمل طور پر بچنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں خوشی منانا ہرگز منع نہیں بلکہ عید کا دن اسی خوشی کے اظہار کا موقع ہے، تاہم اس خوشی کو اسلامی حدود اور اعتدال کے اندر رہ کر منانا چاہیے۔ بے حیائی، فضول رسومات اور غیر اسلامی طرزِ عمل اختیار کرنا عید کے حقیقی مقصد کے منافی ہے۔

آخر میں انہوں نے امتِ مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ عید کے موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں، مستحقین کا خیال رکھیں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا عزم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں