اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں واقع پمز ہسپتال کی ایک خاتون ایڈمن افسر کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے واقعے پر تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے خاتون کی مدعیت میں کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون ایڈمن افسر، جو پمز ہسپتال کے سی ڈی سی (CDC) شعبہ میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں، نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ چند ماہ سے ایک نامعلوم شخص انہیں مسلسل ہراساں کر رہا ہے۔ خاتون کے مطابق ملزم کی عمر تقریباً 40 سے 45 سال کے درمیان ہے جو مختلف بہانوں سے ان کے دفتر اور کام کی جگہ پر آتا جاتا رہا۔
شکایت کنندہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس شخص کی حرکات و سکنات مشکوک ہیں اور منع کرنے کے باوجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور عدم تحفظ کا شکار ہو گئی ہیں۔
پولیس دستاویزات کے مطابق یہ مقدمہ 19 جون 2026ء کو باقاعدہ طور پر درج کیا گیا۔ واقعہ پمز ہسپتال، سیکٹر G-8 میں پیش آیا جو تھانہ کراچی کمپنی سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 509 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جو خاتون کی حیا کی توہین اور ہراساں کرنے سے متعلق ہے۔ کیس کی تفتیش تھانہ کراچی کمپنی کے اے ایس آئی نعیم کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون کی درخواست پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔


